ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تاج محل: محکمہ آثارِ قدیمہ نے22 بند کمروں کی تصاویر جاری کردیں

تاج محل: محکمہ آثارِ قدیمہ نے22 بند کمروں کی تصاویر جاری کردیں

Mon, 16 May 2022 23:59:06    S.O. News Service

نئی دہلی، 16؍مئی (آئی این ایس انڈیا) تاج محل کے تہہ خانے میں بند 22 کمروں کو لے کر ان دنوں تنازعہ جاری ہے۔ ان کمروں کی تصاویر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی)یعنی محکمہ آثارِ قدیمہ نے جاری کردی ہیں۔ نیز ہی کہا گیا کہ اس بارے میں لوگوں میں بھرم نہ پھیلائیں۔ اے ایس آئی کے مطابق یہ تصویریں اس وقت لی گئیں جب اِن کی مرمت ہو رہی تھی۔ آگرہ اے ایس آئی کے سربراہ آر کے پٹیل کے مطابق تصاویر اے ایس آئی کی ویب سائٹ پر جنوری 2022 کے نیوز لیٹر کے طور پر بھی دستیاب ہیں۔ کوئی بھی ان کی ویب سائٹ پر جا کر ان تصاویر کو دیکھ سکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ان بند کمروں میں تزئین و آرائش کا کام کیا گیا تھا۔ اس کام پر تقریباً 6لاکھ روپے خرچ ہوئے۔سیاحت کے شعبے سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ ان کمروں میں کیا ہے اس کے بارے میں غلط باتیں نہ پھیلائیں۔ یہ تصاویر صرف اس کی روک تھام کے لیے جاری کی گئی ہیں۔دراصل ڈاکٹر رجنیش کمار کی جانب سے الہ آباد ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی تھی جس میں تاج محل کے ان 22 کمروں کو کھولنے کی مانگ کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ کی بنچ نے درخواست کو خارج کر دیا تھا۔بلکہ عرضی گزار کو زبردست پھٹکار بھی لگائی تھی۔

درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ آپ کمیٹی کے ذریعے حقائق کی تحقیق مانگ رہے ہیں۔ آپ کون ہیں یہ آپ کا حق نہیں ہے اور نہ ہی یہ آر ٹی آئی ایکٹ کے دائرہ کار میں ہے۔پہلے تاریخ کا مطالعہ کریں ،پی ایچ ڈی کریں اور پھر عدالت آئیں۔ دوسری جانب اس درخواست کی حمایت کرتے ہوئے راجستھان سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ دیا کماری نے کہا تھا کہ تاج محل کی زمین ان کے شاہی خاندان کی ہے۔ شاہی خاندان کے کچھ ٹکڑے اب بھی تہہ خانے کے کمروں میں موجود ہیں۔


Share: